برلن ( ہمگام نیوز ) فری بلوچستان موومنٹ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ فری بلوچستان موؤمنٹ یورپ کے مختلف ممالک میں بلوچستان کی سرزمین پر ہونے والی پاکستانی ایٹمی دھماکوں کے خلاف اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے جوہری تابکاری کے بلوچستان پر مضر اثرات کے حوالے سے آگاہی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
یہ مظاہرے نیدرلینڈز، جرمنی اور برطانیہ میں 28 مئی 1998 کو ہونے والے ایٹمی دھماکوں کے دن کو بطور یومِ آسروک یاد کرنے کے لیے منعقد کئے جائیں گے، بلوچ قوم یہ سمجھتی ہے کہ اسی دن دشمن نے بلوچ سرزمین کے سینے کو چاک کرکے اس میں ایک نہ ختم ہونے والی آگ بھڑکائی تھی، یاد رہے کہ اس دن پاکستان نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بلوچ مقبوضہ سرزمین کو استعمال کرکے چاغی کے پہاڑی سلسلے میں یہ ایٹمی تجربات کئے تھے۔
فری بلوچستان موومنت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستانی کی 1998 کے بلوچستان کے علاقے چاغی میں ایٹمی تجربات کے بعد وہاں خشک سالی اور لوگوں میں سکن کینسر اوردیگر تابکاری سے پیدا ہونے والے مرض عام ہوگئے ہیں، پاکستان کے ان تجربات نے چاغی اور ملحقہ علاقوں کے ماحولیاتی نظام کو تباہ کردیا جس سے کھیت بنجر اور مال مویشیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
فری بلوچستان موومنٹ نے کہا کہ 28 مئی کے مظاہروں سے ہم یورپ میں بلوچستان کے علاقے چاغی میں پاکستانی ایٹمی تجربات کے خلاف اور ان سے پیدا ہونے والی تابکاری کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں گے اور اس ضمن میں اسی دن سوشل میڈیا پر
#NoToPakistaniNukes
کے ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے ٹوئیٹر کیمپئین بھی چلایا جائیگا۔