دوحا ( ہمگام نیوز) فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچ میں امریکا نے ایران کو ایک صفر سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی.
دوحا میں امریکا اور ایران کے درمیان کھیلے گئے میچ میں زیادہ تر وقت امریکی کھلاڑیوں کا گیند پر قبضہ رہا۔
پہلے ہاف کے 38 ویں منٹ میں امریکا کی ٹیم کو موقع ملا اور اس نے پُلچچ کے گول کے ذریعے برتری حاصل کرلی۔
دوسرے ہاف میں ایران کی ٹیم نے کچھ دباؤ بڑھایا مگر امریکی دفاع کے آگے اُن کی ایک نہ چلی، پورے میچ میں امریکی ٹیم ایران کے گول پر بارہ مرتبہ حملہ آور ہوئی جبکہ اُس نے 5 کارنرز بھی حاصل کیے۔
دوسری جانب ایران کی ٹیم صرف ایک کارنر حاصل کرسکی اور صرف ایک بار ہی حریف ٹیم کے گول کا نشانہ لے سکی مگر اُس کو کامیابی نہیں ملی۔
یوں گروپ بی کے اہم میچ میں امریکا نے ایران کو ایک صفر سے مات دے کر ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنائی۔