کوئٹہ (ہمگام نیوز) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ محمد اقبال کی جبری گمشدگی کی تفصیلات انکے اہلخانہ نے وی بی ایم پی کو فراہم کردیں، انہوں نے تظیم سے شکایت کی کہ محمد اقبال ولد قادر بخش کو 2 جنوری 2018ءمیں فورسز نے چتکان بازار پنجگور سے حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا اور حکومت محمد اقبال کے حوالے سے خاندان کو معلومات بھی فراہم نہیں کررہی، جسکی وجہ سے خاندان شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے، تنظیمی سطح پر محمد اقبال کے اہلخانہ کو یقین دھانی کرائی گئی کہ محمد اقبال کے کیس کو لاپتہ افراد کے حوالے سے بنائے گئے کمیشن اور حکومت کو فراہم کرنے کے ساتھ انکی باحفاظت بازیابی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔ نصراللہ بلوچ نے حکومت سے اپیل کی کہ محمد اقبال پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لاکر عدالت میں پیش کرکے صفائی کا موقع فراہم کیا جائے اگر بےقصور ہے تو انہیں فوری طور پر رہا کرکے انکے اہلخانہ کو زندگی بھر کی اذیت سے نجات دلائی جائے۔