ہامبُرگ (همگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ کی جرمنی برانچ نے اعلان کیا ہے کہ وہ لاپتہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بلوچ قوم کے خلاف جاری نسل کشی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور ریلی کا انعقاد کرے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ریلی 31 اگست 2024 دوپہر 3 بجے ہامبرگ سنٹرل اسٹیشن کے سامنے شروع هو کر مختلف شاہراؤں سے گزرتے ہوۓ ینگفرنسٹیگ پہنچ کر شام 5 بجے اختتام پذیر ہوگا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور بلوچ قوم کی منظم نسل کشی ایک طویل عرصے سے جاری ہیں۔ پاکستانی و ایرانی ریاستی مشینری کی جانب سے بلوچ عوام پر ظلم و ستم اور ان کے حقوق کی پامالی کے نتیجے میں ہزاروں بلوچوں کو جبری گمشدگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ بے شمار افراد ماورائے عدالت قتل کئیے جاچکے ہیں۔

اس احتجاجی مظاہرے اور ریلی کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر بلوچستان میں ہونے والی ناانصافیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ لاپتہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر اس مظاہرے اور ریلی کا انعقاد اس بات کی یاد دہانی ہے کہ بلوچ قوم کے حقوق کی پامالی کا مسئلہ عالمی ضمیر کی توجہ کا متقاضی ہے۔ فری بلوچستان موومنٹ کا یقین ہے کہ عالمی برادری کا دباؤ پاکستان کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

فری بلوچستان موومنٹ کی جرمن برانچ نے اس ریلی میں شرکت کے لیے تمام بلوچ قوم کے دوستوں، بہی خواہوں سمیت انسانی حقوق کے کارکنان اور عالمی برادری کے ضمیر کو بیدار کرنے والے ہر فرد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مظاہرے میں شریک ہوں۔ اس اہم موقع پر شرکت کرکے آپ بلوچ قوم کی آواز بن سکتے ہیں اور ان کے حقوق کی حمایت میں عالمی سطح پر ایک مضبوط پیغام بھیج سکتے ہیں۔