مستونگ: (ہمگام نیوز) مستونگ میں سی ٹی ڈی کی جانب سے نوجوان صحافی نیاز بلوچ کے خلاف ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی تقریر کے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کے الزام میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
صحافی نیاز بلوچ کے مطابق انہوں نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس کے بعد سی ٹی ڈی نے ان کے خلاف مقدمہ قائم کر دیا۔ نیاز بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ ایک طالب علم ہیں اور ان کے والد بس ڈرائیور ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بہن بھائی یونیورسٹی اور کالج میں زیرِ تعلیم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے وہ اور ان کا خاندان ریاستی دباؤ اور مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے بقول ان کا قلم ہمیشہ مظلوم اور محکوم بلوچ قوم کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے استعمال ہوا ہے اور انہوں نے کبھی ریاستی اداروں یا حکمرانوں کے خلاف تحریر نہیں لکھی، اس کے باوجود انہیں مقدمات کا سامنا ہے۔
نیاز بلوچ نے بتایا کہ انہوں نے بڑی مشکل سے ضمانت حاصل کی اور مستونگ سیشن کورٹ میں مقدمے کا سامنا کیا، جہاں ایڈووکیٹ چیف عطاء اللہ اور ایڈووکیٹ نجیب شاہوانی نے ان کا کیس لڑا۔ بعد ازاں اس مقدمے کو مستونگ سے منتقل کرکے کوئٹہ کی سیشن کورٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مالی طور پر اتنے مضبوط نہیں کہ اس نوعیت کا سنگین مقدمہ تنہا لڑ سکیں، اس لیے انہوں نے بلوچستان کی وکلا برادری سے اپیل کی ہے کہ اس مشکل وقت میں ان کی قانونی معاونت کی جائے۔















