پنجگور(ہمگام نیوز) انجمن تاجران کمیٹی پنجگور کے صدر فرید احمد جنرل سکریٹری قائم الدین سابق صدر حاجی خلیل احمد حاجی عطاء محمد نیو بازار کے لعل دوست رمیررضا حاجی محمد اکرم، حاجی نواب خان حاجی رحمت اللہ حاصل خان اور دیگر نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنجگور میں ڈاکو راج پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ روز معروف تاجر محمد اکرم شاکر کی دکان میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا انہوں نے کہا کہ 14 اکتوبر تک ملزمان کی عدم گرفتاری کی صورت میں بازار میں ہڑتال کی جائے گی جو غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پنجگور چتکان بازار کے وسط میں جہاں پولیس تھانہ قریب ہے دیدہ دلیری کے ساتھ اسلحہ برداروں کی طرف سے لوٹ مار پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ اس ایریا میں جس موبائل گشت کی ڈیوٹی تھا ایس پی کی زمہ داری ہے کہ وہ اس سے باز پرس کرے کہ وہ واردات کے روز کہاں غائب ہوگیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل تاجر سمیر کی گاڑی بھی اسکے دکان کے سامنے سے چھین کر لے جایا گیا مگر پولیس گاڑی کو ڈھونڈنے میں ناکام رہا آج معروف تاجر محمد اکرم کی دکان میں دن کی روشنی میں اسلحہ بردار ڈاکووں نے حاجی محمد اکرم اور دیگر ملازمین کو یرغمال بناکر دکان میں موجود کیش اور کارڈ جو لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ روپے تھے لوٹ کر لے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں جہاں تاجر برادری کے جان ومال کا کوئی تحفظ نہیں ہے کیسے کاروبار ہوسکتا ہے تاجر برادری گھر سے بازار اور بازار سے گھر جاتے ہوئے خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں شہر میں روز کوئی نہ کوئی واردات ہوجاتا ہے مسلح جہتوں پر کوئی قانونی گرفت نہیں ہے بلکہ وہ خود کو ریاست کے قوانین سے بالاتر سمجھتے ہیں جب اور جہاں انکا جی میں آتا ہے وہ لوٹ مار مچا کر باآسانی نکل جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ آئی جی بلوچستان اور ڈی آئی جی مکران پنجگور کے تاجر کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کا نوٹس لیں،
تاجر برادری کے ٹیکسوں سے پولیس اور دیگر ادارے تنخواہ اٹھاتے ہیں جب عوام اور تاجر برادری کو چند جرائم پیشہ افراد آکر لوٹ لیتے ہیں تو کیا فائدہ ایسی سیکورٹی کا جو بازار میں بھی شہریوں کا تحفظ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور کی گمبیر صورتحال سے شہری شدید پریشانی کا سامنا کررہے ہیں گھر اور کاروبار کسی بھی جگہ محفوظ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ بازار میں فول پروف سیکورٹی کی ضرورت ہے بازار کے لیے مختص گشت نہ جانے کہاں غائب ہے حالات کو اسی طرح ڈاکووں کے رحم وکرم پر چھوڑدیا گیا تو اس سے عوام اپنی حفاظت کے لیے خود نکلے گا ۔