کوئٹہ (ھمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے مختلف شہروں کوئٹہ،نوشکی،حب اور کیچ میں مختلف حادثات و واقعات میں 8 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے۔

 

بوستان کے علاقے میں تیز رفتار ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ گزشتہ روز بوستان کے علاقے میں تیز رفتار مزدا ٹرک اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد، سراج الدین کار ڈرائیور، مراد خان، ثاقب علی، جمال الدین، موقع پر جاں بحق جبکہ 3 افراد خدائیداد، امین اللہ اور محمد ظریف زخمی ہوگئے۔ 

 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں اور لاشوں کو خانوزئی ہسپتال منتقل کیا، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا، ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئیں، مزید کارروائی لیویز انتظامیہ کررہی ہے۔

 

نوشکی شیر جان آغا کے مقام پر سرف گاڑی اور کوچ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ 

 

اطلاعات کے مطابق نوشکی میں سرف گاڑی اور کوچ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔گڈانی ،پولیس اہلکار نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

 

حب کے علاقے گڈانی پولیس کے اہلکار نے تھانے میں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔پو لیس کے مطابق پولیس گڈانی پولیس کے اہلکار اہلکار عزیر ڈگارزئی نے سرکاری اسلحے کو استعمال کر تے ہوئے تھانے میں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ 

 

پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ۔ذرائع کے مطابق اہلکار 15 سال سے زائد ملازمت کرچکا تھا جبکہ خودکشی سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

تمپ میں بجلی کے کرنٹ لگنے سے ایک جاں بحق ہوگیا ہے تفصیلات کے مطابق گومازی اور ملانٹ کے درمیان بجلی کے کھمبے پر کام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے کے واقعے میں ماسٹر حکیم سکنہِ گومازی جاں بحق ہوگئے ہیں۔