Homeخبریںمیری بیوی پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں، ہم دہشت گرد...

میری بیوی پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں، ہم دہشت گرد نہیں ہیں-فضل بلوچ

ھوشاپ ( ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق کیچ کے علاقے ھوشاپ کے گاؤں سندھ بازار سے جھوٹے الزامات میں گرفتار خاتون نورجان فضل کے شوہر فضل بلوچ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی فورسز کی طرف سے لگائے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ نورجان پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

واضح رہے کہ نورجان کو 16 مئی 2022 کو ایف سی  نے سی ٹی ڈی پولیس کی معاونت سے  ان کے گھر سے گرفتاری کے بعد جبری لاپتہ کیا بعد ازاں عوامی ردعمل کے نتیجے میں سی ٹی ڈی پولیس نے ان کے خلاف ایف آئی آر چاک کی جس میں ان پر الزامات ہیں کہ وہ مزاحمتی تنظیم کی ممبر ہیں اور چینی قافلے پر فدائی حملے کی تیاری کر رہی تھیں۔

فضل بلوچ نے ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

انھوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے میری بیوی کو دو دن ہوئے ہیں کہ وہ ایف سی کی حراست میں ہیں۔انھیں اپنے گھر سے رات کے تین بجے اٹھایا گیا اور ابھی تک وہ زیرحراست ہیں اور انھیں دہشت گرد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے جو سراسر جھوٹ ہے۔

’’ ہم غریب ہیں، مزدور ہیں لیکن دہشت گردی سے ہمارا نہ کبھی تعلق تھا نہ تعلق رہے گا اس پر لگائے گئے تمام الزامات جو میڈیا میں بیٹھ کر لگائے جا رہے ہیں ، بے بنیاد ہیں۔‘‘

انھوں نے کہا تمام لوگوں کو اس معاملے پر آواز اٹھانی چاہیے۔آج اگر میں ہوں تو کل آپ کی باری بھی آسکتی ہے۔بلوچستان میں کوئی دوسری فورس نہیں یہ ایف سی ہے جو لوگوں کو گھروں سے اٹھا کر دہشت گرد بنا کر پیش کرتی ہے۔ آج میری بیوی کے ساتھ یہ ہوا ہے کل آپ کی بہن ، ماں اور بیٹی کو بھی ایف سی گھر سے اٹھا کر دہشت گرد بناکر پیش کرسکتی ہے۔

فضل بلوچ نے تمام بلوچوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پر ضرور اپنا احتجاج رکارڈ کروائیں۔

Exit mobile version