ابوجا ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق نائجیریا میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 78 ہوگئی ہے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے کے روز جنوب مشرقی ریاست انامبرا کے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں کشتی 85 مسافروں کو لیکر جارہی تھی کہ انجن میں خرابی کی وجہ سے سیلابی ریلے کی نذر ہوئی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی میں سوار 85 افراد میں سے 15 کو بروقت بچالیا گیا تھا جبکہ 10 لاشیں نکالی گئیں ۔
نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری نے اپنے بیان میں 76 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ 9 افراد کی لاشوں کو ڈھونڈنے کا عمل جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی حکام کو حفاظتی پروٹوکول پر مکمل عمل کروانے کی ہدایت کر دی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جاسکے ۔