سه شنبه, سپتمبر 24, 2024
Homeخبریںنجمہ کو خود کشی پر مجبور کرنے والوں کو پھانسی دی جائے،...

نجمہ کو خود کشی پر مجبور کرنے والوں کو پھانسی دی جائے، والدین

تربت( ہمگام نیوز) آواران گیشکور سے ہراسانی کے بعد خودکشی کرنے والی نجمہ بلوچ کے والدین نے تربت میں تربت سول سوسائٹی اور آل پارٹیز کیچ کے ہمراہ تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجمہ بلوچ کے مبینہ قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انہیں سخت سزا دے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 بدھ کو تربت پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجمہ بلوچ کے والد دلمراد (المعروف دلسرد )، ان کی والدہ مہرنگ، تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست اور آل پارٹیز کیچ کے کنوینر غلام یاسین نے دیگر سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ یہ مطالبہ کیا کہ وزیر اعلی بلوچستان ذاتی طور پر اس مسئلے میں کردار ادا کرکے لیویز اہلکار نور بخش جنہوں نے نجمہ بلوچ کو ہراس کرکے اسے خودکشی پر مجبور کیا اسے ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے پھانسی کے تختہ پر لٹکائیں ، پھانسی سے کم سزا پر ہمارے دل کو چین نہیں ملے گا ۔

 دلمراد بلوچ نے کہاکہ وزیر اعلی قدوس بزنجو ایک بلوچ ہیں وہ نجمہ بلوچ کے حوالے سے خاموش رہنے کے بجائے انصاف فراہمی کے لیے کردار ادا کریں، انہوں نے کہاکہ نجمہ بلوچ کو لیویز اہلکار سرکاری اداروں کا نام لے کر مسلسل ہراساں کررہا تھا، نجمہ نے اس حوالے سے والدین کو آگاہ کیا، دلمراد کے مطابق ایک بار میں نے لیویز اہلکار نوربخش کو بلاکر سمجھایا اس نے قسم اٹھاکر آئندہ ایسی حرکتوں سے توبہ کرلی تاہم بعد ایک وائس میں وہ اپنے دوستوں کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ دلمراد کو فریب دے کر ہمدردی کا جھانسہ دو اور نجمہ کو مزید تنگ کریں ۔

انہوں نے کہاکہ نجمہ کو محنت مزدوری اور سخت مشقت اٹھاکر میں نے انٹر تک تعلیم دلائی، اپنی قوم کی بدبختی دیکھ کر نجمہ بلوچ نے گیشکور میں بچوں کو اپنی مدد آپ کے تحت پڑھانے کا آغاز کیا اور اپنے خرچے پر ایک جھونپڑی نما اسکول سے اس کا افتتاح کیا، اس اسکول میں کم و بیش 300 بچے پڑھ رہے تھے جنہیں نجمہ ذاتی خرچے پر تمام تدریسی مواد دیتی تھی، انہوں نے کہاکہ نجمہ کا قتل پورے گیشکور اور آواران کا قتل ہے ۔

 نجمہ پورے بلوچستان کے بلوچوں کی بہن تھی، آج پورا بلوچستان اس کے قتل پر افسردہ ہے اور اشکبار ہے، اگر نجمہ بلوچ کا کوئی بھائی اس کے قتل کا حساب لے گا تو گیشکور اس پہ خوش رہے گا، انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان، وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے انصاف فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، پریس کانفرنس میں نجمہ بلوچ کی والدہ، تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست اور آل پارٹیز کیچ کے کنوینر غلام یاسین بلوچ نے کہاکہ ایک لیویز اہلکار میں اتنی جرات نہیں ہوگی کہ وہ عام شہری کو تنگ یا ہراساں کرکے اس نہج تک لائے کہ وہ خودکشی کرے اس کے پیچھے ضرور کوئی طاقت ہے جیسا کہ وہ لیویز اہلکار نور بخش اپنے وائس میں کہہ رہا ہے، انہوں نے کہاکہ نور بخش کو فوری گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، اس موقع پر میر خلیل تگرانی، خان محمد جان ، احد الہٰی میروزئی ، زاہد سلیمان ، حفیظ علی بخش، نوید تاج ایڈووکیٹ ودیگربھی موجودتھے

یہ بھی پڑھیں

فیچرز