ہلسنکی (ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ فین لینڈ برانچ کے فعال رکن احسن طارق بلوچ کو فین لینڈ کے دارالحکومت ہلسنکی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ تدفین کے موقع پر فری بلوچستان موومنٹ کے مرکزی عہدیدار صادق رئیسانی بلوچ، ایڈوکیٹ اور فری بلوچستان موومنٹ فین لینڈ کے آرگنائزر ایم بی مری بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی قومی خدمات اور وطن سے بے مثال وابستگی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
خطاب میں مقررین نے کہا کہ احسن طارق بلوچ ایک بااصول، باہمت اور نظریاتی کارکن تھے جنہوں نے جلاوطنی کی سختیوں کے باوجود بلوچستان کی آزادی، قومی وقار اور متحدہ بلوچستان کی آزادی کے لیے اپنی جدوجہد کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کی جدوجہد اس بات کی علامت ہے کہ بلوچ قوم جہاں بھی ہو، اپنی سرزمین اور اپنی آزادی کے خواب سے جڑی رہتی ہے۔
صادق رئیسانی ایڈوکیٹ نے کہا کہ احسن طارق بلوچ کی قربانی اور نظریاتی استقامت فری بلوچستان موومنٹ کے لیے ایک اخلاقی سرمایہ ہے، جو متحدہ بلوچستان کی آزادی کی جدوجہد کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ شہداء اور مرحوم کارکنوں کی یادیں تحریک کی سمت متعین کرتی ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔
ایم بی مری بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فری بلوچستان موومنٹ فین لینڈ برانچ مرحوم کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے متحد اور پرعزم ہے، اور متحدہ بلوچستان کی آزادی تک یہ جدوجہد ہر محاذ پر جاری رہے گی۔ پشتون تحفظ موومنٹ کے شفیع اللہ یوسفزئی نے احسن بلوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ احسن بلوچ نے مقبوضہ بلوچستان کے جدوجہد کے ساتھ ساتھ جس طرح کینسر جیسے موزی مرض کے ساتھ دلیری سے مقابلہ کیا قابل تحسین ہے اور وہ دن ضرور ائے گا جب مقبوضہ بلوچستان اور افغان علاقے پاکستان کے چنگل سے آزاد ہونگے ، تقریب کے اختتام پر قبرستان میں موجود بڑی تعداد میں بلوچ کمیونٹی کے افراد، سماجی و سیاسی کارکنان اور فری بلوچستان موومنٹ سے وابستہ کارکنوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر ہلسنکی میں مقیم افغان کمیونٹی کے معزز افراد کی بھی نمایاں شرکت رہی، جنہوں نے مرحوم احسن طارق بلوچ کی قومی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بلوچ عوام کے دکھ درد اور آزادی کی جدوجہد سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچ قوم کی آزادی، انصاف اور خودمختاری کی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی اور بلوچ قوم متحدہ بلوچستان کے قومی مقصد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے –















