اسلام آباد (ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں احتجاج کرنے والی بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے مطالبات کو تسلیم کیے جانے کے حوالے سے دیے گئے الٹی میٹم کے خاتمے پر آج (تین جنوری) کو پاکستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے رکھی ہے ۔
۔بلوچستان میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف اسلام آباد میں احتجاج کرنے والی بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے مطالبات کو تسلیم کیے جانے کے حوالے سے دیے گئے الٹی میٹم کے خاتمے پر آج پاکستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔بلوچستان کے علاقے تربت سے بلوچ نوجوان بالاچ بخش کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف شروع کیے جانے والے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے لانگ مارچ کے مظاہرین 20 دسمبر کو اسلام آباد پہنچنے کے بعد اس کیمپ میں شامل ہو گئے تھے، جو گذشتہ ایک ماہ قبل بلوچ لاپتہ اور جبری طور پر گمشدہ افراد کی واپسی کے لیے نیشنل پریس کلب کے باہر لگایا گیا تھا۔جب یہ مظاہرین اسلام آباد پہنچے تھے تو ان کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کر کے 283 مردوں اور تقریبا 100 خواتین کو گرفتار یا تحویل میں لیا گیا تھا، جس کے بعد بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جہاں سماعت کے بعد عدالت عالیہ کے حکم پر تمام مظاہرین کو رہا کردیا گیا تھا۔
اس کے بعد ہائی کورٹ میں یہ کیس تو ختم ہوگیا لیکن بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما نے اپنے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔منگل کو ایکس پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ ’یہ تحریک بلوچستان میں جاری جبر، جبری گمشدگی اور معصوم لوگوں کے قتل کے خلاف ہے، جسے پورے بلوچستان کی حمایت حاصل ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ تقریباً 40 روز سے جاری اس تحریک کے دوران ’بلوچستان میں مختلف مقامات سے 20 سے زائد لوگوں کو جبری طور پر گمشدہ کیا گیا۔‘ماہ رنگ بلوچ کا کہنا تھا: ’ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ تین جنوری الٹی میٹم کا آخری دن ہے، اس دن ہم پورے پاکستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دیتے ہیں۔‘ساتھ ہی انہوں نے اپیل کی: ’اس دن بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے پاکستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کی حمایت کریں۔‘دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی نے ان خدشات کا بھی اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کا امکان ہے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی رات اس حوالے سے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا گیا: ’پولیس کی بھاری نفری، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر پہنچ چکی ہے۔ ہمیں خطرہ ہے کہ رات گئے، پر امن احتجاج کرنے والوں پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
ہم یہ بات دہرانا چاہتے کہ اگر لانگ مارچ کے شرکا کو کچھ بھی ہوا، تو اس کی ذمہ دار صرف اور صرف ریاست ہوگی۔تاہم اسلام آباد پولیس کا موقف ہے کہ ’مظاہرین پولیس کے ساتھ تعاون‘ نہیں کر رہے۔اس حوالے سے اسلام آباد پولیس نے منگل کو آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ ’قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرنا ہرشہری کا حق ہے۔ پریس کلب کے باہر مظاہرین پولیس کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے۔ مظاہرین سے گزارش ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ان کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔
‘مزید کہا گیا کہ ’مظاہرین بار بار ہائی سکیورٹی زون (میں) داخل ہونے پر بضد ہیں اور دھمکیاں دے رہے۔ قانون سے تجاوز کرنے پر قانون حرکت میں آئے گا۔ مظاہرین پر تشدد کے متعلق مسلسل پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جبکہ مظاہرین پر کسی قسم کا تشدد نہیں کیا۔‘