نئی دہلی( ہمگام نیوز )مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق انڈیا کی جانب سے روانہ کیا جانے والا چندریان تھری خلائی جہاز کامیابی سے چاند کی سطح پر اتر گیا ہے۔

چندریان تھری نے بدھ کی شام تقریباً چھ بجے چاند کے جنوبی حصے پر لینڈنگ کی۔

اس کے نتیجے میں انڈیا چاند کے اس حصے پر خلائی جہاز اتارنے والا پہلا اور امریکہ، سابق سوویت یونین اور چین کے بعد سافٹ لینڈنگ کرنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے

انڈیا کی خلائی ایجنسی اسرو نے کامیاب لینڈنگ کے بعد اپنے ہیڈکوارٹر کے آپریشن سینٹر کی تصاویر بھی شیئر کیں جہاں سائنسدان اور ٹیکنیکل سٹاف کامیاب لینڈنگ پر خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے۔

یہ کامیابی حاصل ہونے کے فوراً بعد انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پرمسرت موقع ہے اور یہ صرف انڈیا کی کامیابی نہیں بلکہ سب کی کامیابی ہے۔

انھوں نے کہا ’ہمارا نظریہ ہے کہ ایک دنیا ایک قوم۔ ہمارا چاند کا مشن خلائی سائنسی تحقیق کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ انڈیا مستقبل میں اپنی خلائی تحقیق کو چاند سے آگے لے کر جائے گا اور جلد اسرو سورج پر تحقیق کے لیے اپنا مشن بھیجے گا۔‘

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’آج انڈیا کے ہر گھر میں جشن کا سماں ہے، میں بھی اس جشن میں اپنی قوم کے ساتھ ہوں۔ میں چندریان کی پوری ٹیم کو اور اس مشن میں کسی بھی طرح مدد کرنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ میں 140 کروڑ لوگوں کو مبارک دیتا ہوں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آج آپ سب کے محنت سے ہم اُس مقام پر پہنچے ہیں جہاں آج تک دُنیا کا کوئی مُلک نہیں پہنچا۔ یہ مشن دیگر مُمالک کے خلائی مشنز کی بھی مدد کرے گا۔ یہ دن ہمیں ایک روشن مستقبل کی جانب لے کہ جانے والا ہے۔‘