دوشنبه, سپتمبر 30, 2024
Homeخبریںکیچ: انقلابی شاعر بابا قاضی کی یاد میں تقریب،ائیرپورٹ چوک "مبارک قاضی...

کیچ: انقلابی شاعر بابا قاضی کی یاد میں تقریب،ائیرپورٹ چوک “مبارک قاضی چوک” کے نام سے منسوب

کیچ (ہمگام نیوز) تربت میں قومی انقلابی شاعر بابا مبارک قاضی کی یاد میں تقریب کا انعقاد، تربت ائیرپورٹ چوک کا نام تبدیل کرکے مبارک قاضی چوک رکھنے کی قرار داد اتفاق رائے سے منظور۔

مانیٹرنگ ڈیسک کی رپورٹ کے بقول بلوچی زبان و ادب کے عہد ساز شاعر مبارک قاضی کی رحلت کے کئی دنوں بعد بھی ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق بدھ کی شام سول سوسائٹی کی جانب سے مبارک قاضی کی یاد میں مبارک قاضی چوک سابقہ ایئرپورٹ چوک پر ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں مبارک قاضی کے چاہنے والوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کے اہم سگمنٹ میں بلوچی میوزک کے بڑے نام استاد عارف، رسول بخش فرید اور نسیم احمد کے علاوہ دیگر فن کاروں نے مبارک قاضی کے اشعار گائے۔

تقریب کا افتتاح دعا سے کیا گیا جس کی سعادت قاری عبداللہ نے حاصل کی اس کے بعد معروف شاعر ارشاد پرواز نے مبارک قاضی کا ایک شعر سنایا جس کے بعد مبارک قاضی کے لگائے گئے پورٹریٹ اور تصاویر پر گلاب کے پھول نچھاور کرکے موم بتیاں روشن کی گئیں۔

مبارک قاضی چوک کے موومنٹ کے چاروں اطراف ان کے اشعار کے پوسٹر لگانے کے علاوہ چاروں اطراف ان کے تصاویر پر پھول رکھ کر موم بتیاں جلائی گئیں۔

میوزیکل سگمنٹ میں استاد عارف بلوچ، رسول بخش فرید اور نسیم بلوچ سمیت دیگر نے رات گئے تک مبارک قاضی کے اشعار گائے۔

پروگرام میں بلوچستان اکیڈمی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر غفور شاد، بلوچی زبان کے معروف شاعر ارشاد پرواز، اصغرمحرم ، عارف عزیز، عابد علیم، سیاسی و سماجی رہنما نیاز احمد، نیشنل پارٹی کے رہنما کہدہ مقبول احمد، ظریف زدگ بلوچ، منظور احمد بلوچ، عارف قریش، وسیم سفر، بشیر بیتاب، ناصر خان، پروگرام کے آرگنائزر کفا دوست، ملا نور محمد، اسد بلوچ، شے تگرانی، یونس بلوچ، جاوید کریم، حمل امین، احد الہٰی میروزئی، سجاد بلوچ و دیگر بھی شریک تھے۔

تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض گلزار دوست نے سرانجام دئیے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز