واشنگٹن ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے عالمی سطح پر سرگرم کم عمر شخصیت گریٹا ٹونبرگ نے عالمی میڈیا اور عالمی برادری کے نام کھلے خط میں ماحولیاتی بحران کی جانب توجہ مبذول کروانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ’انسانیت اس ماحولیاتی بحران کو روکنے میں ناکام ہو رہی ہے۔ یہ اب بہت ضروری ہو چکا ہے اور ہمارا سیارہ مدد کے لیے پکار رہا ہے۔‘ اپنے خط میں گریٹا ٹونبرگ کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی رہنما موسمیاتی تبدیلی پر ایک تاریخی اجلاس میں شریک ہیں۔ لیکن عمل کے بغیر وعدوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ہمیں اس کے لیے جرات مند اور دور اندیش رہنماوں کی ضرورت ہے تاکہ وہ ہمیں اس پستی سے نکال سکیں۔ ’میں اس اجلاس میں نوجوان رہنماوں جن میں وینیسا نکاتے اور ڈومینکا لوساتا شامل ہیں، کے ساتھ شریک ہوں گی۔ ہم درجنوں حکومتی رہنماوں سے ملیں گے۔ یہ ایک بہترین موقع ہے کہ اس بارے میں فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا سکے۔‘ انہوں نے اپنے خط میں مزید لوگوں کی شرکت کے لیے اپنا نام شامل کرنے کا موقع بھی دیا۔ اپنے خط میں عالمی رہنماوں کو مخاطب کرتے ہوئے گریٹا نے لکھا ہے کہ ’دنیا بھر میں موجود نوجوان اپنی حکومتوں کی جانب سے کاربن کے اخراج کو کم نہ کرنے کو ایک دھوکے کے طور پر دیکھتے ہیں اور یہ کوئی حیران کن بات نہیں ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم درجہ حرارت میں 1.5 اعشاریہ کی کمی کے ہدف سے کافی دو ر ہیں اور کئی حکومتیں اس بحران کو بڑھانے میں مصروف ہیں اور تیل اور گیس پر اربوں ڈالر خرچ کر رہی ہیں۔