Oplus_16908288

گلشن (ہمگام نیوز ) موصولہ اطلاعات کے مطابق ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر گلشن کے سرحدی علاقے کلگان میں سرحدی فورسز کی فائرنگ سے ایک بلوچ جان کی بازی ہار گیا۔ ایران میں انٹرنیٹ کی وسیع بندش اور مواصلاتی پابندیوں کے باعث یہ واقعہ تاخیر سے منظرِ عام پر آیا ہے۔

شہید ہونے والے شہری کی شناخت ایوب رئیسی (30 سال) کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع گلشن کے شہر جالق کا رہائشی تھا۔

ذرائع کے مطابق ایوب رئیسی اپنی گاڑی میں کلگان کے سرحدی علاقے سے گزر رہا تھا کہ سرحدی فورسز نے مبینہ طور پر بغیر کسی پیشگی وارننگ یا انتباہ کے اس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں اس کی ران اور ٹانگ میں لگیں، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے کے بعد مقامی افراد نے اسے فوری طور پر جالق کے طبی مرکز منتقل کیا، تاہم وہاں خون بہنے کو روکنے اور مؤثر طبی امداد فراہم کرنے میں تاخیر اور ناکافی اقدامات کے باعث اس کی حالت مزید بگڑ گئی۔

اطلاعات کے مطابق ایوب رئیسی چند گھنٹوں بعد شدید زخموں اور زیادہ خون بہہ جانے کے سبب دم توڑ گیا۔

واضح رہے کہ ایران میں جاری انٹرنیٹ بندش اور مواصلاتی مشکلات کی وجہ سے اس واقعے کی اطلاع میڈیا اور انسانی حقوق کے ذرائع تک تاخیر سے پہنچی، جس کے بعد اب اسے عوام کے سامنے لایا گیا ہے۔