Homeخبریںکینڈا و فرانس میں دہشتگردی کے واقعات میں پادری سمیت 6 افراد...

کینڈا و فرانس میں دہشتگردی کے واقعات میں پادری سمیت 6 افراد زخمی، 2 جاں بحق

 

فرانس، کینیڈا (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق فرانس اور کینیڈا میں دہشتگردی کے واقعات کے نتیجے میں پادری سمیت 6 افراد زخمی اور 2 ہلاک ہوگئے ہیں۔

کینیڈا کے شہر کیوبک میں پارلیمنٹ کے باہر حملے میں 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔

بی بی سی کے مطابق پولیس نے ایک 20 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے اور عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے۔

پولیس کے مطابق نوجوان نے رات کے وقت متعدد لوگوں پر خون آلود ہتھیار کے ساتھ حملہ کیا۔ حملہ آور کو مقامی وقت ایک بجے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

حملہ آور کی گرفتاری کے بعد بھی لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حملے کی ابتدائی اطلاع رات 10 بجے دی گئی تھی اور تین گھنٹے بعد نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کرنے کے بعد اسپتال لے جایا گیا ہے۔

دہشتگردی کا دوسرا واقعہ فرانس کے شہر لیون میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آور نے ایک چرچ کے باہر فائرنگ کرکے پادری کو زخمی کردیا۔

عینی شاہدین نے بتایا شام چار بجکر چار منٹ پر پادری پر اس وقت دو فائر کیے گئے جب وہ چرچ بند کر رہے تھے۔

مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے پادری کو زخمی کرنے والا حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے اور اس کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یہ فرانس میں دو ہفتوں کے دوران ہونے والا تیسرا حملہ ہے۔ جمعرات کو فرانس کے نیس شہر میں ایک چرچ کے قریب حملہ ہوا تھا۔ حملے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 17 اکتوبر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک حملہ آور نے استاد کا سرقلم کر دیا تھا۔ فرانسیسی صدر نے اس واقعے کو دہشتگردی کا عمل قرار دیا تھا۔

واقع کے بعد پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

Exit mobile version