تربت(ہمگام نیوز) کیچ کے مختلف علاقوں سے جبری گمشدہ افراد کے اہل خانہ نے شہہد فدا چوک پر دوسرے روز بھی دھرنا جاری رکھا ہوا ہے جہاں 9 جبری گمشدہ افراد کے 8 فیملی خاندان شریک ہیں جب کہ سیاسی کارکن وسیم سفر بھی یکجہتی کے طور پر ان کے ہمراہ دھرنا پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
لاپتہ افراد میں فدا ولی داد، شیرجان اسحاق، شاہ زیب قادر بحش، افضل منظور، شمس اسحاق، عطا نور بخش، یاسر عبدالحمید، شاہ جہان بشام، شگراللہ محمد علی کے فیملی ممبران شامل ہیں جنہوں نے کل جمعرات کو تربت میں شہید فدا چوک پر دھرنا کا آغاز کیا۔
اہل خانہ کے مطابق وہ لاپتہ افراد کی بازیابی یا حکومت کی جانب سے کسی ٹھوس یقین دہانی کے بعد دھرنا موخر یا اٹھ جانے کا متفقہ فیصلہ کریں گے، ان کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جدوجہد میں مذید خاندانوں کے شامل ہونے کا امکان ہے کیوں کہ اب بھی درجنوں لاپتہ افراد کے فیملی ہم سے رابطہ میں ہیں۔
اس موقع پر دھرنا میں یکجہتی کے لیے سیاسی و سماجی کارکن وسیم سفر کل رات سے موجود ہیں انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جب تک لاپتہ افراد کے فیملی ممبران یہاں بیٹھے ہیں ہم ان کے ساتھ رہیں گے اور ان کی جدوجہد میں ان کا سپورٹ بنیں گے یہ لوگ اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے جو قدم اٹھانا چاہیں ہماری حمایت ان کے ساتھ ہوگی انہوں نے کہاکہ آج شام 4 بجے دھرنا گاہ میں ایک اہم پریس کانفرنس کے زریعے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے فیملی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔