انقرہ ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ ڈیسک رپورٹ کے مطابق کرد عسکری تنظیم پی کے کے (PKK) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ترکی سے اپنے جنگجوؤں کا انخلا شروع کر رہی ہے، جو حکومت کے ساتھ جاری غیر مسلح ہونے کے عمل کا حصہ ہے۔

واضع رہے پی کے کے، جس نے 1984 میں ترک ریاست کے خلاف بغاوت کا آغاز کیا تھا، نے اپنے قید رہنما عبداللہ اوجلان کی اپیل پر مئی میں ہتھیار ڈالنے اور تنظیم تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس تنازعے میں 40 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

تنظیم نے شمالی عراق سے جاری بیان میں کہا کہ یہ اقدام امن و انضمام کے نئے مرحلے کی بنیاد رکھے گا اور حکومت کو بھی قانونی و سیاسی اقدامات میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔

دوسری جانب ترک حکمران جماعت اے کے پارٹی کے ترجمان عمر جیلک نے کہا کہ پی کے کے کا فیصلہ حکومت کے “دہشت گردی سے پاک ترکی” کے ہدف کی کامیابی ہے اور یہ عمل پارلیمانی کمیشن کے قانونی فریم ورک کو مضبوط کرے گا۔