کوئٹہ(ھمگام نیوز) کوئٹہ کے سول ہسپتال کے سرجیکل وارڈ میں دورانِ ڈیوٹی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم شخص نے خاتون پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر پر تیزاب پھینک دیا۔ حملے کے نتیجے میں ڈاکٹر ماہ نور ناصر شدید زخمی ہوگئیں۔ ان کے چہرے، سینے اور بازوؤں کو شدید نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور ناصر، جو ضلع دکی سے تعلق رکھتی ہیں اور سرجری میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ حاصل کر رہی تھیں، کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بعد ازاں ان کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے سخت مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ایسوسی ایشن نے حکومت کو 24 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کرتے ہوئے مرکزی ملزم ہمایوں شاہ کی تلاش کے لیے شہر بھر میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ بعد ازاں پولیس کے مطابق ملزم کو نوشکی بس اسٹاپ کے قریب دیکھا گیا جہاں اسے ہتھیار ڈالنے کا کہا گیا، تاہم اس نے گرفتاری دینے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم ہمایوں شاہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور زندہ کارتوس برآمد ہوئے جبکہ جائے وقوعہ سے خول بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔


