Homeخبریںڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کو عمر قید...

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کو عمر قید کی سزا کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ بی ایس ایف

شال(ھمگام نیوز) بلوچ سالویشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کو نوآبادیاتی عدالتوں کی جانب سے عمر قید کی سزا سنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی انصاف، بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانونی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی نظریات، قومی و انسانی حقوق کے مطالبات اور پرامن سیاسی جدوجہد کو فوجداری جرائم کے ساتھ نتھی کرنا ایک غیر جمہوری اور غیر منصفانہ طرزِ عمل ہے۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کو عمر قید کی سزا سنانا دراصل بلوچ قوم کی سیاسی آواز کو دبانے، اختلافِ رائے کو جرم قرار دینے اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے عالمی منشور برائے انسانی حقوق (Universal Declaration of Human Rights) اور بین الاقوامی معاہدہ برائے شہری و سیاسی حقوق (ICCPR) ہر فرد کو اظہارِ رائے، سیاسی وابستگی، پرامن اجتماع اور منصفانہ عدالتی کارروائی کا حق فراہم کرتے ہیں۔ اگر کسی سیاسی کارکن کو اس کے سیاسی خیالات، انسانی حقوق کی سرگرمیوں یا قومی حقوق کے مطالبات کی بنیاد پر سزا دی جاتی ہے تو یہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کی نفی کے مترادف ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سیاسی قیدیوں کو انصاف، شفاف عدالتی کارروائی اور بنیادی انسانی حقوق میسر ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی مسائل کا حل عدالتوں، جیلوں اور سزاؤں میں نہیں بلکہ جمہوری عمل اور عوامی خواہشات کے احترام میں مضمر ہے۔

بیان کے اختتام پر بلوچ سالویشن فرنٹ نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، صبغت اللہ شاہ جی اور دیگر بلوچ سیاسی کارکنوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیں اور انسانی حقوق کے عالمی معیارات کے مطابق انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز