شال (ہمگام نیوز) پاکستانی مقبوضہ بلوچستان کے علاقے جھل مگسی سے مسلح افراد نے پانچ افراد کو اغوا کرلیا ہے، جبکہ دکی میں کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ سے اغوا کیے گئے 11 مزدور بازیاب ہوکر محفوظ مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ سے مجموعی طور پر 12 مزدوروں کو اغوا کیا گیا تھا، جن میں سے ایک مزدور کی لاش چند روز قبل کوہلو کے علاقے نرہن ندی سے برآمد ہوئی تھی۔
واقعے میں اغوا ہونے والے دیگر 11 مزدور آج بازیاب ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں نورانی روڈ پر بیس کیمپ کے مقام سے مسلح افراد نے ایک گاڑی کو روک کر اس میں سوار پانچ افراد کو اغوا کرلیا اور اپنے ہمراہ لے گئے۔
جھل مگسی پولیس کے مطابق پانچوں افراد نورانی سے گنداواہ جارہے تھے کہ راستے میں انہیں گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا۔
اغوا ہونے والوں میں تین مقامی افراد شامل ہیں، جن کا تعلق کھوسہ اور مگسی قبائل سے بتایا جارہا ہے، جبکہ دیگر دو افراد لاڑکانہ سے آئے ہوئے ان کے مہمان ہیں۔
تاہم واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں
ہوسکے ہیں۔


