Homeخبریںپنجگور میں انجمن تاجران کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال، قاتلوں کی...

پنجگور میں انجمن تاجران کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال، قاتلوں کی گرفتاری کے لیے دس روزہ الٹی میٹم

پنجگور ( ہمگام نیوز ) انجمن تاجران پنجگور کے سابق چیئرمین حاجی سمیع اللہ بلوچ کے قتل کے خلاف آج انجمن تاجران کی کال پر پنجگور میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی، جس کے باعث شہر کے تمام کاروباری مراکز، مارکیٹیں، بینک اور دیگر مالیاتی ادارے بند رہے۔ ہڑتال کے باعث شہریوں کو اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی خریداری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس موقع پر انجمن تاجران کی ہڑتال کی حمایت میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے حاجی سمیع اللہ بلوچ کے قتل پر شدید رنج و غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجگور کے سابق چیئرمین انجمن تاجران حاجی سمیع اللہ بلوچ بلوچستان کے ضلع واشک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، مبینہ طور پر بھتہ خوری کے حوالے سے قائم چیک پوسٹوں پر مسلح افراد کی جانب سے کاروباری افراد اور گاڑیوں سے رقم وصول کرنے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حاجی سمیع اللہ بلوچ بھی اپنی گاڑی چھڑوانے اور مبینہ طور پر رقم کی ادائیگی کے سلسلے میں وہاں گئے تھے، جہاں سے واپسی کے دوران انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم واقعے کے محرکات اور ذمہ داروں کی شناخت کی باضابطہ تصدیق تاحال نہیں ہوئی۔

احتجاجی مظاہروں کے دوران سیاسی جماعتوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا کہ حاجی سمیع اللہ بلوچ کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔ مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو دس روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ لائی گئی تو آئندہ کا سخت لائحۂ عمل اختیار کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز