کوئٹہ (ہمگام نیوز) گوادر کے علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے موٹروے پولیس کا انسپکٹرزخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی رات گوادر کے علاقے شمبے اسماعیل وارڈ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے موٹر وے پولیس کا انسپکٹر رفیع اللہ نیازی شدیدزخمی ہوگیا جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا جبکہ مستونگ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے اے ایس آئی کو بیٹے سمیت ہلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی رات مستونگ کے علاقے مسجد روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کے اے ایس آئی عبداللہ اور اسکے بیٹے گل حسن کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکرہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔


