کوئٹہ(ہمگام نیوز ) بلوچستان کے وزیر بلدیات سردار مصطفیٰ خان ترین کے اغوا ہونے والے بیٹے کو افغان سرحد کے قریب سے بازیاب کرا لیا گیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق اسد ترین کو ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان سے بازیاب کرایا گیا۔اسد ترین کو رواں سال 21 مئی کو نامعلوم مسلح افراد نے ضلع پشین سے اغوا کیا تھا۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) حئی بلوچ نے بتایا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے اسد ترین کو پشین میں کیڈٹ کالج سے اغوا کیا، جبکہ اغوا کار نوجوان کی گاڑی کو کالج کے قریب ہی چھوڑ گئے۔اسد ترین کی بازیابی کے بعد ان کے دوستوں، رشتہ داروں اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے حامیوں کی بڑی تعداد ان کے گھر پہنچ گئی یاد رہے کہ بلوچستان میں حکومت کی اتحادی جماعت پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے اسد ترین کے اغوا کے خلاف کئی مظاہرے کیے تھے۔


