نیو دہلی (ہمگام نیوز) بی جے پی کے رہنما سبرموامیئے سوامے نے کہا ہے کہ پاکستان کو کشمیر میں ہونے والے کار بم دھماکے کا بھرپورجواب دیا جائے گا۔ اس پر انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نےبیان دیا کہ پاکستان انڈیا کو تباہ کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان اگر یہ سوچتا ہے کہ وہ انڈیا کو بدحال کر سکتا ہے تواس کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ دوسری طرف بھارت کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ بھارت تجارتی شعبے میں پاکستان کو دی جانے والی تمام رعایات ختم کر دے گا۔ جیٹلی کے مطابق نئی دہلی حکومت پاکستان کو مکمل طور پر تنہا کرنے کے لیے سفارتی سطح پر تمام تر اقدامات کرے گی۔ارون جیٹلی کے مطابق پاکستان کے خلاف کیے جانے والے اقدامات میں اسے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ضوابط کے تحت پاکستان کو ’موسٹ فیورڈ نیشن‘ کے طور پر دیے جانے والی تمام مراعات کا خاتمہ شامل ہے۔ بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پاس اس حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے نا قابل تردید ثبوت موجود ہیں۔


