نئی دہلی( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان کے خلاف ایک مرتبہ پھر سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے زیر مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کرلینگے ۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنی وزارت کے 100 روز مکمل ہونے پر نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم جلد پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر پر بھی قبضہ حاصل کر لیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر بھی بھارت کا ہی حصہ ہے ۔ ایس جے شنکر کا کہنا تھا کہ بھارت کے امریکہ کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ’’ہوڈی، موڈی‘‘ ایونٹ میں شرکت کریں گے جو ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے ۔
امریکی صدر ہزاروں امریکی بھارتیوں سے خطاب کریں گے ۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کی فکر نہ کریں کہ جموں و کشمیر کے بارے میں لوگ کیا کہیں گے ۔
1972ء سے بھارت کی پوزیشن بالکل واضح ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی آرمی چیف بھی پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے متعلق بیان دے چکے ہیں۔ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر پر صرف بھارتی حکومت کے حکم کا انتظار ہے ورنہ انڈین آرمی تو مکمل تیار ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی جس پر پاکستان نے خوب احتجاج کیا. بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی بیان دیا تھا کہ پاکستان سے مذاکرات انڈین کشمیر پرنہیں بلکہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر پرہوسکتے ہیں۔
تاہم اب بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم جلد اس کشمیر پر بھی قبضہ کر لیں گے۔


