پشاور (ہمگام نیوز) پشاور مدرسے میں بارودی مواد سے دھماکہ، دھماکے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی جبکہ 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول ہوی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دیرکالونی کے مدرسے میں ہونے والا دھماکہ بارودی مواد کا تھا اور اس میں پانچ سے چھ کلو بارود استعمال ہوا۔
سی سی پی او پشاور کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہیں اور 7 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران ہر پہلو سے واقعے کو دیکھ رہے ہیں۔
اے آئی جی شفقت ملک کے مطابق کم سے کم پانچ کلو بارودی مواد میں چھروں اور کیلوں کا استعمال کیا گیا جس سے نقصان زیادہ ہوا۔
جس جگہ دھماکہ ہوا وہاں زمین میں کافی گہرا گڑھا بنا ہوا ہے اور دیواروں پر بھی چھروں کے نشانات ہیں۔
ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت ایک مشکوک شخص کو اسپتال میں داخل ہوتے دیکھا گیا تھا جو بھاری بیگ مدرسے میں رکھ کر باہر نکل گیا۔
ممکنہ طور پر بیگ میں بارودی مواد تھا جس سے دھماکہ کیا گیا لیکن بم ڈسپوزل اسکواڈ نے فی الحال اپنی رپورٹ نہیں دی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش نے بتایا کہ اہل علاقہ نے مشکوک شخص کو مدرسے کے قریب دیکھا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مدرسے میں داخل ہونے والے مشکوک شخص کی تلاش جاری ہے۔ نواحی علاقوں میں ناکے لگا دیئے گئے ہیں اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔