کراچی (ہمگام نیوز)اطلاعات کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) کے کورونا سے متاثرہ افسر نے تنخواہ روکنے پر انتقامی طور ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی کو گلے لگا لیا اور گال پر بوسہ بھی دیا۔ کورونا مریض نے ایڈمنسٹریٹر سیکٹریٹ میں جا کر بھی کئی افسران سے ملاقات کی۔
کورونا مریض نے ڈائریکٹر ایچ آر ایم سے ملنے کے بعد اپنے کورونا سے متاثر ہونے کا انکشاف کیا، افسر کے انکشاف کے بعد کے ایم سی ہیڈ آفس میں کھلبلی مچ گئی۔
کے ایم سی افسران کورونا کے مریض کے انکشاف کے بعد سیٹیں خالی چھوڑ کر تیزی سے بھاگ نکل گئے۔
سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شہزار انور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ لانڈھی تعینات تھے، انہیں 5 اکتوبر کو کرپشن کی شکایت پر معطل کیا گیا تھا، اور ایچ آر ایم کو رپورٹ نہ کرنے پر ان کی تنخواہ روک لی گئی تھی۔
جمیل فاروقی کا کہنا ہے کہ شہزار انور نے کسی بہانے سے دفتر میں گھس کر میرے قریب آنے کی کوشش میں کامیاب ہو گئی۔ انھوں نے کہا شہزاد انور کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔ کورونا کا دوبارہ ٹیسٹ کرواؤں گا، بدقسمتی سے مجھے چار ماہ قبل بھی کورونا مثبت آیا تھا۔