ڈیرہ بگٹی (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی سے ایک اجتماعی قبر سے چار افراد کی ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے آس ریلی میں ایک اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے جس کے اندر سے چار افراد کی ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں۔
اس علاقے میں ایک چرواہے نے کچھ انسانی ہڈیاں دیکھ کر مقامی لوگوں کو اطلاع دی جس پر مقامی افراد نے کھدائی کر کے چار افراد کے باقیات نکالے۔
یاد رہے اس سے قبل بھی ڈیرہ بگٹی میں دو مقامات سے اجتماعی قبریں دریافت ہوئی تھیں جہاں خاتون سمیت کئی افراد کی باقیات ملیں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار اور تربت میں بھی اجتماعی قبروں سے بڑے پیمانے پر انسانی ہڈیاں برآمد ہوتی رہی ہیں۔
مقامی زرائع کے مطابق جس جگہ سے ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں اس جگہ پر ایک فوجی کیمپ قائم تھا جِسے کچھ عرصہ قبل یہاں سے ہٹادیا گیا۔
بلوچ قوم پرست جماعتوں کا الزام ہے کہ یہ ان افراد کی لاشیں ہیں جن کو پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے جبری گُمشدگی کا شکار بنایا ہوا تھا پھر انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا ہے.


