دمشق(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے گولان کی پہاڑیوں سے شام کی ایک عمارت کو میزائل حملوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام نے الزام عائد کیا ہے کہ گولان کی پہاڑیوں پر غیرقانونی طور قابض اسرائیلی فوج نے دمشق کے جنوبی علاقے میں ایک خالی عمارت پر میزائل داغے۔ حملے میں عمارت تباہ ہوگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔شام نے دعویٰ کیا ہے کہ عمارت پر دو میزائل داغے گئے جن میں سے ایک کو ہمارے دفاعی فضائی نظام نے فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تاہم ایک میزائل عمارت کو لگا جس سے گھر منہدم ہوگیا۔ اسرائیل نے شام کی جانب سے میزائل حملے کے الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں اسرائیلی فوج نے رواں برس عسکریت پسند جماعت حزب اللہ کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے نام پر متعدد حملے کیے ہیں۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہی حمص کے مشرقی دیہی علاقوں اور ساحلی شہر طرطوس کے قریب اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 2 شامی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔