کوئٹہ(ہمگام نیوز) طلباء رہنماؤں نے جامعہ بلوچستان میں دھرنے سے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کوئٹہ بھر کے تمام اداروں کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو کوئٹہ کے تمام اداروں کو تمام تر سرگرمیوں کیلئے مکمل بند کیا جائے گا۔ بدھ کو بلوچستان بھر کے جامعات،کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں کلاسز اور امتحانات کی بائیکاٹ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ،تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور حکومت بائیکاٹ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔کسی بھی قسم کی انتشار اور ناخوشگوار واقع پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو اسکی ذمہ دار تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور انتظامہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم اساتذہ،طلباء،وکلاء برادری،ڈاکٹرز،تاجران،سیاسی پارٹیوں اور تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری کال کی حمایت کریں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ لاپتہ طالبعلموں کی بازیابی پر سنجیدگی نہیں دکھائی جارہی ہے۔گزشتہ بیس دنوں سے شدید سردی میں بیٹھے ہیں اب تک کوئی پیش نہیں ہوئی۔آئی جی پولیس،ایس ایس پی،سی سی پی او نا اہل ہیں انہوں نے کہا کہ طلباء کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور نہ کیا جائے۔