واشنگٹن(ہمگام نیوزِ)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ وہ امریکا اور اقوام متحدہ کی تجویز کو عملی شکل دینے کے لیے افغانستان کے منجمد فنڈز میں سے 50 کروڑ ڈالر جاری کرنے پر کام کر رہا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈ بینک بورڈ کے ارکان آج افغانستان کی تعمیر نو کے منجمد ٹرسٹ فنڈ سے 50 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم کو جاری کرنے کی تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اہم اجلاس کر رہے ہیں۔
ورلڈ بینک میں افغانستان کے ترقیاتی پروجیکٹس کے لیے 1 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم موجود ہے جسے طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے منجمد کردیا گیا تھا تاہم اب اس میں 50 کروڑ ڈالر کی رقم این جی اوز اور عالمی اداروں کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی حکام اور اقوام متحدہ کی حالیہ ملاقاتوں میں افغانستان کے فنڈز میں سے کچھ رقم جاری کرنے کی تجویز رکھی گئی تھی جس کے بعد عالمی بینک نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر منجمد امدادی فنڈ سے 500 ملین ڈالر تک کی رقم کی فراہمی پر کام کا آغاز کیا ہے۔
رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے اس منصوبے کے واقف کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ افغانستان سے سیکڑوں امدادی کارکن انخلا کرچکے ہیں اور ایسی صورت حال میں امدادی رقوم کی منصفانہ تقسیم بہت بڑا چیلینج ہوگی۔
افغان ماہرین کی رائے بھی تجربہ کار امدادی کارکنوں کی کمی کے باعث انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی کی گئی امدادی رقوم کا درست استعمال اور ترقیاتی پروجیکٹس کی تکمیل ایک مشکل ہدف ہے۔امریکی حکام بھی کئی بار امدادی کارکنوں کے فقدان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے منجمد فنڈز کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دے چکے ہیں۔