واشنگٹن(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست مشی گن میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔فائرنگ کا واقعہ مشی گن ہائی اسکول میں پیش آیا، مرنے والوں میں 14اور 17 سال لڑکیاں اور 16 سال کا لڑکا شامل ہے۔ زخمی ہونے والوں میں اساتذہ بھی شامل ہیں۔
اسکول پر حملہ کرنے والا بھی 15 سالہ نوجوان تھا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ فائرنگ آکلینڈ کاونٹی کے آکسفورڈ ہائی اسکول میں کی گئی، رپورٹ کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والی گن مشتبہ شخص کے والد نے 4 دن پہلے خریدی تھی۔
مشتبہ نوجوان نے حملے سے پہلے بندوق کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کیں۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حملہ آور نے ان تین بچوں کو ہی ٹارگٹ کیا ہے یا اس کا کوئی اور مقصد تھا۔مقامی گورنر کا کہنا تھا کہ یہ والدین کے لیے ایک خوفناک خواب ہے، اور یہ مسئلہ امریکا میں بہت بڑھ چکا ہے، جس کو روکنے کے لیے جلد سخت احکامات اٹھانے ہوں گے۔
2021کے دوران امریکا کے اسکولوں میں فائرنگ کے28واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، امریکی میڈیا کے مطابق اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات میں 9ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد 46 ہے۔2021 میں امریکا کی 19 مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات ہوئے۔