لاہور(ہمگام نیوز)لاہور کے معروف لوہاری گیٹ کے علاقے میں دکانوں کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے قریب کھڑی موٹرسائیکلیں جل گئیں۔
زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جبکہ قریب موجود بینک کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے-
میؤ اسپتال کے ایم ایس کے مطابق 25 زخمیوں کو میؤ اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے دو زخمی دورانِ علاج دم توڑ گئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کا آپریشن تھیٹر میں آپریشن جاری اور ان کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پہلے کہا جا رہا تھا کہ دھماکے کا سبب گیس سلنڈر کا پھٹنا ہو سکتا ہے تاہم اب ٹائم ڈیوائس سے منسلک بم کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ، فرانزک ٹیمیں اور دیگر تفتیشی ماہرین دھماکے کے حوالے سے شواہد حاصل کرنے اور نمونے جمع کرنے میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کی جگہ پر ڈیڑھ فٹ
گہرا گڑھا بھی پڑ گیا ہے۔