راولپنڈی(ہمگام نیوز)راولپنڈی کے علاقہ ریس کورس برف خانہ چوک میں فائرنگ کرکے بزرگ شخص کو قتل کردیا گیا، واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے علاقہ ریس کورس پولیس کو برف خانہ چمن آباد میں قتل کی اطلاع موصول ہوئی تھی، پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا تو مقتول کے بیٹے ثقلین کے بیانات میں تضاد تھا، جس پر اسے تحقیقات کے لیے تھانہ ریس کورس لے گئے۔
پولیس اسٹیشن جانے پر ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کر لیا اور بتایا کہ میں نے معمولی جھگڑے پر طیش میں آ کر فائرنگ کردی اور اپنے ہی والد کو قتل کردیا۔ تھانہ ریس کورس کے مطابق مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ واقعہ کا مقدمہ بھی درج کردیا گیا ہے اور ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔