دوحہ ( ہمگام نیوز ) ہالینڈ فٹ بال عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔اس نے ہفتہ کے روز دوحہ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں امریکا کو 3-1 سے شکست دی ہے۔

میچ کے دسویں منٹ میں میمفس ڈیپے کی کوشش اور ڈیلی بلائنڈ کی ایک اور کوشش نے پہلے ہاف کی آخری کک کے ساتھ ہالینڈ کی فتح کی راہ ہموار کی۔اب ہالینڈ کی ٹیم کا ارجنٹینا یا آسٹریلیا میں سے جیتنے والی ٹیم کے ساتھ کوارٹرفائنل میں میچ ہوگا۔

متبادل کھلاڑی حاجی رائٹ نے 76 ویں منٹ میں امریکا کی جانب سے جوابی گول کرتے ہوئے امریکیوں کوکچھ امید دلائی تھی لیکن ڈینزل ڈمفریز کی والی کی بدولت ہالینڈ نے ساتویں مرتبہ فٹ بال عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

اس میچ میں لوئس وان گال کی ڈچ سائیڈ نے اپنے پہلے حملے کے ساتھ ہی برتری حاصل کرلی تھی اور ڈمفریز نے بارسلونا کے فارورڈ ڈیپے کے پاس پر چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا گول کردیا۔

اس کے بعد ڈمفریز نے اسی انداز میں بلائنڈ کو پاس بنا کر دیا اور انھوں نے گول کرکے میچ کو 2-0 بنادیا اور اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔حاجی رائٹ نے کرسچئن پلسیک کے کراس پرامریکا کی طرف سے واحد گول کیا تھا۔

ہالینڈ کی طرف سے ڈمفریز نےامریکیوں کو ٹورنامنٹ سے آؤٹ کرنے کے اس میچ میں سب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور انھوں نے میچ کے اکیاسویں منٹ میں ہالینڈ کی طرف سے تیسرا گول کیا تھا۔