کراچی (ہمگام نیوز)سمندری طوفان ہائپر جوائے ا ورماڑہ ساحل سے 990 کلومیٹر جنوب مشرق میں موجود ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مشرق وسطی کے بحیرہ عرب میں آنے والا شدید سمندری طوفان ہائپر جوائے اپنی شدت برقرار رکھے ہوئے ہے اور کراچی سے910 کلومیٹر، ٹھٹھہ سے 890 کلومیٹر جنوب میں اور اورماڑہ ساحل سے 990 کلومیٹر جنوب مشرق میں موجود ہے۔

 نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ جاری کیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی ہے کہ یہ سمندری طوفان شمال، شمال مغرب کی جانب سے 120 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

 اس صورتحال سے سمندر کے درجہ حرارت میں اضافہ اور ہوا کے کم دبائو کے باعث طوفان کی شدت میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے تاہم طوفان کے رخ کے بارے میں حتمی پیشن گوئی غیریقینی ہے لیکن بعض مثالیں تجویز کرتی ہیں کہ یہ طوفان مکران۔شمالی اومان کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے جبکہ دیگر ماڈلز یہ بھی نشاندہی کر رہے ہیں کہ یہ طوفان بھارتی ریاست گجرات۔سندھ کے ساحل سے ٹکراسکتا ہے۔

یہ بھی پیشنگوئی ہے کہ 18 سے 24 گھنٹوں کے عرصہ میں یہ سسٹم شمال اور شمال مشرق کی جانب بڑھنے سے قبل شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہے۔