پہرہ (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز پہرہ /ایرانشہر میں ایک بلوچ نوجوان کو نامعلوم مسلح افراد نے قتل کیا۔ قتل ہونے والے اس شہری کی شناخت “رضا ناروئی ساکن پہرہ ہے ۔ رپورٹ کے مطابق نامعلوم افراد نے رضا پر پیٹھ پیچھے وار کرکے فائرنگ کی ، کئی گولیاں سر پر لگنے سے وہ جاں بحق ہوگیا۔
واقعہ پہرہ شہر سے دور ایک ویران جگہ پر ہوا بتایا جاتا ہے کہ علاقہ مکینوں کو رضا کی لاش سڑک کے قریب سے ملی۔
دوسرا واقعہ اسی روز پہرہ ہی میں ہوا ۔ پہرہ کے علاقے رضا پیر میں دو بلوچ شہریوں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوا جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت 32 سالہ “رضا شیخ ویسی” کے نام سے ہوئی، زخمی شہری کا نام “حسین” ہے دونوں پہرہ کے رہائشی ہیں۔
تاہم رپورٹ موصول ہونے تک حملہ آوروں کے محرکات اور شناخت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ۔ علاوہ ازیں آج سرباز اور پہرہ محور پر پیجوٹ گاڑی ایندھن سے بھری دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی اس حادثے میں تین بلوچ فیولر شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد دینے کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ خبر لکھے جانے تک ان تینوں بلوچ فیولر کی شناخت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔