برلن (ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ نے میڈیا میں جاری کردہ اپنے اعلامیہ میں کہا کہ ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے یوم قبضہ کی مناسبت سے جرمنی کے شہر ہنوفر میں احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق یہ مُظاہرہ گیارہ 11 نومبر کے دن دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک جرمنی کے شہر ہنوفر کے مرکز میں منعقد کیا جائے گا۔

فری بلوچستان موومنٹ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 11 نومبر کے دن ہی قابض ایران نے مغربی مقبوضہ بلوچستان میں بلوچستان کی میر دوست محمد کی قیادت میں چلنے والی حکومت ختم کرکے بلوچ عوام پر اپنی حاکمیت مسلط کردی جس کے بعد سے لیکر آج تک وہاں پر بلوچوں کی زندگی تنگ کردی گئی ہے۔ ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اپنی قومی ضروریات اور ذمہ داریوں کو مد نظر رکھ کر دنیا کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کریں۔ ایرانی مقبوضہ بلوچستان میں پچھلے ایک سال سے زائد عرصے میں جس طرح سے بلوچوں کو نشانہ بنا کر قتل کیا جارہا ہے اس پر دنیا کو بتانے کی ضرورت ہے۔

ہم جرمنی میں رہنے والے بلوچوں انسانی حقوق کے نمائندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارے اس احتجاج کو حصہ بن کر ایران کے انسانیت کے خلاف مظالم اور جرائم دنیا کے سامنے لے آئیں۔