زاہدان(ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق بروز پیر کو تین بلوچ قیدیوں کی سزائے موت پر ان کے اہل خانہ کو بتائے بغیر عملدرآمد کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق زاہدان کے مرکزی جیل میں تین بلوچ قیدیوں کو پھانسی دی گئی، ان تینوں بلوچ قیدیوں کی شناخت 28 سالہ محمد کریم بارکزئی ولد رستم، 28 سالہ محمد براہوی انجمنی ولد علی اور 31 سالہ ادریس بیلرانی ولد مرزا کے ناموں سے ہوئی، تینوں کا تعلق زاہدان سے ہے ۔

 ان تینوں افراد کو 2019 میں “حکومت کے مخالف گروہوں کے ساتھ تعاون کرنے اور زمین پر فسادات پھیلانے ” کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور زاہدان میں عدالت نے انہیں 15 سال قید اور موت کی سزا سنائی تھی۔

 باخبر ذرائع کے مطابق انہیں یہ سزا اس وقت سنائی گئی جب یہ تینوں افراد آئی آر جی سی کے انٹیلی جنس حراستی مرکز میں شدید ترین تشدد کا شکار تھے اور انہیں اعتراف جرم کرنے پر مجبور کیا گیا۔

 واضح رہے کہ ان شہریوں کی سزائے موت خلاف قانون ہے، عدالتی حکام اور زاہدان جیل نے ان کے اہل خانہ کو سزا پر عمل درآمد سے آگاہ نہیں کیا اور آخری ملاقات بھی نہیں ہوئی۔