کوئٹہ (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو گرفتار کرلیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق منظور پشتین چمن دھرنے میں شرکت کیلئے بلوچستان میں موجود ہیں۔

 منظور پشتین نے چمن دھرنے میں شرکت کے بعد جاری بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین کے جاری دھرنے میں شرکت کیلئے تربت جانے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ منظور پشتین کے بلوچستان میں داخلے پر محکمہ داخلہ نے پابندی لگائی ہوئی تھی، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں متعدد مرتبہ پابندی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

 اس سے قبل منظور پشتین پر تربت دھرنے میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے راستے میں فائرنگ کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

 دوسری جانب سے پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے منظور پشتین کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ منظور پشتین کی گرفتاری غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے بصورت دیگر مرکزی کابینہ کے فیصلے کے مطابق شدید ردعمل دیا جائیگا۔