مہگس(ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق بروز جمعہ مہگس (مہرستان) کے جامعہ مسجد کے امام مولوی عبداللہ کرد نے نماز جمعہ کے خطبات میں پاکستانی حکومت کی طرف سے بلوچ عوام پر ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ
“پاکستان کی حکومت مسلمان ہونے کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن وہ اسرائیلیوں سے زیادہ ظالم ہیں۔” کیا اسلام کے احکامات میں اس بات کا ذکر ہے کہ ایک حکومت اپنی حفاظت کے لیے دوسری قوموں کو تباہ کرتا رہے ؟ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ ایک دن ظالموں کا منہ زمین پر ضرور رگڑے گا۔
مولوی کرد نے مزید کہا: انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں ہیں؟ وہ کون سی تنظیمیں ہیں جو جانوروں کے حقوق کی بات کرتی ہیں لیکن انسانیت کا خیال نہیں رکھتیں اور خاموش ہیں۔
انہوں نے پاکستانی فوج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خدا کی قسم تم ذلیل و خوار ہو جاؤ گے۔ یہ فوج ظالم ہے۔
مہگس کے جامعہ مسجد کے امام مولوی کرد نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے حقوق اور مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پاکستانی جیلوں میں بلوچ فرزندان کیوں قید ہیں؟ پاکستانی فوج کے ہاتھوں بلوچ نسل کشی کے سامنے اسلامی ممالک کیوں خاموش ہیں؟
انہوں نے مقبوضہ بلوچستان میں بلوچ عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وہ ہمارے خون ہیں اور بھائی بہن ہیں۔ ہماری جڑیں ایک جیسی ہیں اور سرحدوں کو ایک طرف رکھ دیں۔ بلوچ قوم کو اپنی تاریخ میں ڈاکٹر مہرنگ جیسی شیرزال ملی ہے جنہوں نے آزادی کا پرچم بلند کیا۔ بلوچ قوم کو جان لینا چاہیے کہ حقوق لیے جا سکتے ہیں، دیے نہیں جا سکتے۔ یہاں سے ہم ایران، پاکستان اور دیگر جگہوں پر بلوچ عوام کی فتح اور بلوچ عوام کے حقوق حاصل کرنے کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور انشاء اللہ ظالم کے بلوچ قوم کو ختم کرنے کی خواہش کو دفن کر دیں گے۔