یکشنبه, مارچ 8, 2026
Homeخبریںشام کےمعاملے پہ امریکہ کا روس سے مزید بات چیت سے انکار

شام کےمعاملے پہ امریکہ کا روس سے مزید بات چیت سے انکار

دمشق(ہمگام نیوز)شام کے معاملے پر امریکا نے روس سے مزید بات چیت سے انکار کردیا ہے ۔روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ امریکا نے شام میں کی جانے والی فضائی کارروائی کے سلسلے میں مربوط پالیسی بنانے کے لیے ماسکو کی جانب سے دی جانے والی اعلی سطحی فوجی مذاکرات کی تجویز کو رد کر دیا ہے ۔روس کے ارکان پارلیمنٹ سے بات کرتے ہوئے سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ امریکا نے باضابطہ طور پر ہمیں بتایا ہے کہ وہ مذاکرات کے لیے وفد ماسکو نہیں بھیجے گا اور نہ ہی روسی وفد سے واشنگٹن میں مذاکرات کیے جائیں گے ۔اس سے پہلے آنے والی اطلاعات کے مطابق دونوں ممالک شام میں جاری فضائی کارروائیوں کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مزید بات چیت کرنے کے خواہاں تھے ۔دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات کا یہ تیسرا دور ہونا تھا۔خیال رہے کہ روس نے حال ہی میں شام میں داعش کے شدت پسندوں کو نشانہ بنانے کے لیے فضائی حملوں کا آغاز کیا ہے جبکہ امریکا کا زیرِ قیادت اتحاد بھی شام میں فضائی کارروائیاں کر رہا ہے ۔اس صورتِ حال میں یہ خدشہ پیدا ہوا تھا کہ کہیں ان کارروائیوں کے دوران کوئی حادثہ پیش نہ آ جائے ۔مغربی ممالک اور شام میں سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ روسی جہاز داعش کے علاوہ دیگر اہداف کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں جس کی ماسکو تردید کرتا ہے ۔  

یہ بھی پڑھیں

فیچرز