لندن(ہمگام نیوز ) پارٹی کے مرکزی صدر حیربیار کی سربراہی میں فری بلوچستان موومنٹ کی نیشنل کونسل کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں فری بلوچستان موومنٹ کی ایگزیکٹو ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کے لئے پیش کئے گئے ناموں کی منظوری لی گئی ۔
اس اجلاس میں دوسری کابینہ کی مدت پوری ہونے کے بعد تمام ایگزیکٹو ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کی کارگردگی کے حوالے سے جامع انداز میں بات چیت کرتے ہوئے نیشنل کونسل کے ممبران نے ختم ہونے والی دوسری کابینہ کے فرائض منصبی کے حوالے سے تنقیدی جائزہ لیا اور پھر نئی کابینہ کی چناؤ کے لئے امیدواروں سے نیشنل کونسل کے ممبران نے انکے ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے انکی اہلیت، ڈیپارٹمنٹس کی بہتری کے لئے انکے لائحہ عمل اور پالیسی کے بارے میں مختلف سوالات کے جن کا نئی کابینہ کے امیدواروں نے فرداً فرداً جواب دیتے ہوئے نیشنل کونسل کے اراکین کو مطمئن کیا بعد ازاں نیشنل کونسل کے ممبران نے نئی کابینہ کے لئے پیش کئے گئے ناموں کی منظوری دی ۔
حیربیارمری کی صدارت میں جمال ناصر فارن افئیرز ڈیپارٹمنٹ، حیدر کے بی انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ، نواب برکت فنانس ڈیپارٹمنٹ، عبیداللہ آرگنائزیشنل ڈیپارٹمنٹ ایکسٹرنل، بیبگر بلوچ آرگنائزیشنل ڈیپارٹمنٹ ہوم، صادق رئیسانی ٹرائبل افئیرز ڈیپارٹمنٹ اور رزاک بلوچ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے لئے چنے گئے ۔
حلف برداری کی تقریب تین فروری کو منعقد کی گئی جس میں پارٹی کے نائب صدر ڈاکٹر شہسوار بلوچ نے نئی کابینہ اراکین سے حلف لیا ۔
اجلاس کے آخر میں پارٹی کے صدر حیربیارمری نے نیشنل کونسل اور کابینہ اراکین کے سامنے بلوچستان کے حوالے سے عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال پر بات کی، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن کے انتہائی ظلم و جبر اور شاطرانہ سیاسی چالبازیوں کے باوجود وہ متحدہ بلوچستان اور بلوچ سرزمین کی بحیثیت ایک اکائی کے اپنے مؤقف سے سرمو انحراف نہیں کریں گے ۔