شال (ہمگام نیوز ) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چئیرمین نصراللہ بلوچ نے کہا ہے کہ فاروق سخی کے جبری گمشدگی کے کوائف ان کے اہلخانہ نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز، وی بی ایم پی کو فراہم کردیئے ہیں ۔
انہوں نے تنظیم کو تفصیلات دی ہے کہ فاروق سخی ولد سخی داد بلوچ سکنہ کرکی تربت کیچ کو فورسز نے رواں سال 28 مئی کو انکے دیگر پانچ دوستوں کے ساتھ سٹی عارف پلازہ بروری روڑ شال سے غیر قانونی حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا ،بعد میں دیگر پانچ افراد بازیاب ہوگئے، مگر فاروق سخی ابھی تک لاپتہ ہے، اور خاندان کو انکے حوالے سے معلومات بھی فراہم نہیں کیے جارہے ہیں ، جسکی وجہ سے وہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں ۔
چیئرمین نے کہاہے کہ تنظیمی سطح پر فاروق سخی کے اہلخانہ کو یقین دھانی کرائی گئی ہے کہ فاروق سخی کے کیس کو کمیشن اور حکومت کو فراہم کرنے کے ساتھ انکی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی ۔
نصراللہ بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فاروق سخی پر جو بھی الزام ہے، انہیں منظر عام پر لاکر عدالت میں پیش کرکے صفائی کا موقع فراہم کیا جائے، اگر بےقصور ہے تو جلد از جلد رہا کرکے انکے خاندان کو ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک عرصے سے مقبوضہ بلوچستان میں بلوچ فرزندوں کی جبری گمشدگی میں تیزی لائی گئی ہے ، گزشتہ ایک ماہ کے دوران صرف ڈیرہ بگٹی میں 50 سے زیادہ افراد کو اب تک قابض پاکستانی آرمی اور خفیہ اداروں نے جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے ۔