نیدرلینڈ (ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ (ایف بی ایم) نیدرلینڈز برانچ نے اپنے بیان میں کہا کہ شہدائے دزاپ (زاہدان) 30 ستمبر کے خونی جمعہ کے واقعے کی دوسری برسی کے موقع پر 30 دسمبر 2024 کو ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔ یہ مظاہرہ دوپہر 1:30 سے 3:00 بجے تک انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس، دی ہیگ کے سامنے منعقد ہوگا۔
پس منظر
30 ستمبر 2022 کو دزاپ (زاہدان) میں ایرانی قابض حکومت کے انقلابی گارڈز نے نمازِ جمعہ کے بعد نہتے بلوچ عوام پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ یہ دلخراش واقعہ اس وقت پیش آیا جب بلوچ عوام، ایک احتجاج کے ذریعے، ایرانی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایک کم سن بلوچ لڑکی کے ساتھ زیادتی کے خلاف آواز اٹھا رہے تھے۔ ایرانی انقلابی گارڈز کی اس بربریت کا نتیجہ انتہائی خوفناک تھا۔
اس خونی جمعہ کے دن سو سے زائد نہتے بلوچ مظاہرین شہید ہوئے جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے نے بلوچ قوم کے خلاف ایرانی جبر و استحصال کا نیا باب کھولا، جس میں بلوچ عوام پر مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں آج بھی جاری ہیں۔
آئندہ لائحہ عمل
فری بلوچستان موومنٹ نیدرلینڈز برانچ کا یہ احتجاجی مظاہرہ عالمی برادری کی توجہ ان مظالم کی جانب مبذول کروانے کے لیے کیا جا رہا ہے جو ایران اور پاکستان میں مقبوضہ بلوچستان کے اندر بلوچ عوام سے روا رکھی جارہی ہیں۔ اس احتجاجی مظاہرے میں ایف بی ایم نیدرلینڈز برانچ عالمی انصاف کے اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرے گی کہ وہ بلوچستان میں جاری ایرانی و پاکستانی مظالم کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں اور متاثرین کو انصاف دلایا جائے۔
ایف بی ایم نیدرلینڈز برانچ آئندہ بھی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عالمی سطح پر مختلف فورمز، مظاہروں، اور سیمینارز کے ذریعے بلوچ قوم کے وت واجہی اور آزادی کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔
تمام انصاف پسند انسانی حقوق کے علم بردار افراد اور تنظیموں سے شرکت کی اپیل
ہم تمام حق و انصاف پسند افراد، انسانی حقوق کی تنظیموں، اور عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس پرامن احتجاج میں شرکت کریں اور بلوچ عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، تاکہ بلوچ قوم کی ایرانی و پاکستانی جبر کے خلاف اٹھنے والی آواز اور آزادی کی جدوجہد کو عالمی سطح پر مزید مضبوط کیا جا سکے۔