غزہ (ہمگام نیوز ) حماس حکومت کے میڈیا آفس نے بتایا ہے کہ غزہ کے شمالی علاقے میں واقع تاریخی مہاجر کیمپوں میں سے ایک الشاطی میں گھروں پر اسرائیل نے بمباری کی جہاں 43 افراد جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مختصر بیان میں کہا کہ اسرائیلی اہلکاروں نے جنگی طیاروں کے ذریعے غزہ شہر میں حماس کی دو فوجی تنصیبات پر کارروائی کی۔
بیان میں تفصیلات نہیں بتائی گئیں تاہم جلد ہی آگاہ کرنے کا بتایا گیا ہے۔
حماس نے اس کی فوجی تنصیبات نشانے بنانے کے اسرائیل کے دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم بیان میں کہا کہ حملوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور کہا کہ نازی لیڈرز کو عام شہریوں کے خلاف اس ظلم کی قیمت چکانی پڑے گی۔
جائے وقوع سے حاصل فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درجنوں فلسطینی تباہ ہونے والے گھروں میں اپنے پیارے ڈھونڈنے کے لیے دوڑ رہے ہیں، فوٹیجز میں ٹوٹے ہوئے گھر، بموں سے متاثرہ دیواریں، ملبہ اور شاطی مہاجر کیمپ کی گلیوں میں دھول اڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں میں 1200 اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے اور 250 سے زائد کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئیں وحشیانہ کارروائیوں میں اب تک 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔