واشنگٹن (ہمگام نیوز ) بدھ کے روز امریکی اخبار’نیویارک ٹائمز‘ نے ایک سرکاری امریکی ذریعے کے حوالے سے کہا ہے کہ کل منگل کو بیروت میں حماس رہ نما صالح العاروری کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد اسرائیل حماس کے مزید رہ نماؤں کو نشانہ بنانے پر کام کررہا ہے۔
اخبار نے امریکی اہلکار کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ اسرائیل حماس کے رہ نماؤں کے خلاف سلسلہ وار قتل عام کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ امریکی ذرائع نے یہ بھی توقع ظاہر کی ہے کہ العاروری کو نشانہ بنانے سے لڑائی کے قلیل مدتی خاتمے کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے بات چیت میں رکاوٹ آئے گی۔
نگرانی کرنے والے کیمروں کی ایک گردش کرنے والی ویڈیو کلپ میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں حماس کے رہ نما صالح العاروری کو اسرائیلی نشانہ بنائے جانے کا لمحہ دکھایا گیا ہے۔
اگرچہ اسرائیل نے باضابطہ طور پر یہ اعلان نہیں کیا کہ العاروری کے قتل کے پیچھے اس کا ہاتھ تھا، لیکن اسرائیلی فوج نے “تمام منظرناموں” کے لیے اپنی تیاری کی تصدیق کی اور اپنی افواج کی تیاری کی سطح کو بڑھا دیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل حماس اور اس کے رہ نماؤں کے خلاف جنگ جاری رکھے گا جہاں وہ ہوں گے انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔
حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نےزور دیا کہ العاروری کا قتل لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور دہشت گردی کی مکمل کارروائی ہے۔ اس واقعےکے بعد حماس نے اسرائیل کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کی بالواسطہ بات چیت معطل کرتے ہوئے اپنے رہنما کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔