تل ابیب (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق اسرائیل میں تعینات چینی سفیر دُو وے شمالی تل ابیب میں اپنے گھر پر مردہ پائے گئے۔
ان کی موت کی اسرائیلی وزارت خارجہ نے تصدیق کر دی ہے۔ دُو وے نے دو روز قبل امریکی وزیر خارجہ پومپیو کے ایک بیان کی شدید مذمت کی تھی۔
یروشلم سے ملنے والی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے بتایا کہ چنی سفیر تل ابیب کے شمال میں واقع اپنے گھر میں آج اتوار سترہ مئی کو مردہ پائے گئے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کی طرف سے ان کی اچانک موت کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی جبکہ پولیس نے کہا ہے کہ وہ دُو وے کی یکدم موت کی وجوہات کے تعین کے لیے چھان بین کر رہی ہے۔
دُو وے کی عمر اٹھاون برس تھی اور وہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلے جانے کے دنوں میں اسی سال فروری میں اسرائیل میں چین کے سفیر تعینات کیے گئے تھے۔ وہ اس سے پہلے یوکرائن میں چین کے سفیر رہے تھے۔
انہوں نے اپنے پیچھے ایک بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا چھوڑا ہے۔ دُو وے کی موت کے وقت ان کے خاندان کے یہ دونوں افراد اسرائیل میں نہیں تھے۔ اسرائیل کے چین کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔
اب تک نامعلوم وجوہات کے باعث اچانک انتقال کر جانے والے اس چینی سفیر نے ابھی دو روز قبل ہی امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ایک بیان کی شدید مذمت کی تھی۔ مائیک پومپیو نے یہ بیان اپنے حالیہ دورہ اسرائیل کے دوران دیا تھا۔
اس بیان میں امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل میں چین کی طرف سے کی جانے والی بھاری سرمایہ کاری کی مذمت کی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے بیجنگ حکومت پر یہ الزام بھی لگایا تھا کہ وہ چینی شہر وُوہان سے پھوٹ کر ایک عالمی وبا بن جانے والی کورونا وائرس کے باعث لگنے والی بیماری کووِڈ انیس کے بارے میں معلومات چھپانے کی مرتکب ہو رہی تھی۔
اسرائیل کے چینل 12 ٹی وی نے ہنگامی طبی خدمات کے شعبے کے اہلکاروں کا نام لیے بغیر حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتدائی آثار یہی ظاہر کرتے ہیں کہ چینی سفیر دُو وے کی موت دوران نیند قدرتی وجوہات کے باعث ہوئی۔